لاہور (خصوصی نامہ نگار) (ق) لیگ کے صوبائی ارکان اسمبلی نے پنجاب میں بڑھتے ہوئے پولیس مقابلوں اور زیر حراست ہلاکتوں کے واقعات پر 3 تحاریک التوائے کار اور ایک توجہ دلاﺅ نوٹس، تحریک انصاف نے ایل ڈی اے پلازہ میں ایک بار پھر آتشزدگی کے واقعہ پر تحریک التوا جبکہ اپوزیشن ارکان نے خاتون صحافی اور اسکے بھائی کے ساتھ ڈکیتی پر بھی تحریک التوائے کار اور توجہ دلاﺅ نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دئیے ہیں۔ (ق) لیگ کے ارکان اسمبلی نے کہا کہ ماورائے عدالت ہلاکتیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ناقابل برداشت ہیں۔ عامر سلطان چیمہ نے سرگودھا کے تاجر کی شیخوپورہ میں پولیس کے ذریعے اغوا اور مبینہ طور پر پولیس تشدد کے بعد لاہور میں موت پر تحریک التوائے کار جمع کروائی ہے۔ سردار وقاص حسن موکل نے اوکاڑہ محلہ عظیم آباد سے لڑکی کے اغوا اور ملزمان کو گرفتار نہ کئے جانے پر توجہ دلاﺅ نوٹس جمع کروایا ہے۔ ثمینہ خاور حیات نے سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے بھتیجے کی فیکٹری سے اکاﺅنٹنٹ کے اغوا اور تاحال اس کے بارے میں کسی کو کچھ خبر نہ ہونے پر تحریک التوائے کار جمع کروائی۔ اسلم اقبال اور جہانزیب کھچی نے تحریک التوائے کار میں ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ ایل ڈی اے کے ملازمین خود آگ لگاتے ہیں تاکہ اہم منصوبوں کے ریکارڈ کو ختم کیا جائے‘ ایوان کو اس حوالے سے بتایا جائے۔
پولیس مقابلوں، ایل ڈی اے آتشزدگی کیخلاف اپوزیشن کی تحاریک، توجہ دلاو نوٹس
Jul 02, 2013