کراچی / ریاض(آئی این پی ) ماہر فلکیات نے کہا ہے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں پہلا روزہ 10 جولائی کو ہو گا، پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 9 جولائی کو ہو گا۔ سعودی ماہر فلکیات ڈاکٹر علی الشکری نے کہا ہے 8 جولائی کو رمضان کا چاند صرف امریکا میں نظر آئے گا اور چھوٹا ہونے کی وجہ سے سعودی عرب میں ٹیلی سکوپ سے اس کو دیکھنا ناممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا ماہ شعبان کا چاند پورے 30 دن کا ہوگا جس کے بعد سعودی عرب میں رمضان کا چاند 9 جولائی کی شام کو دیکھا جا سکے گا اورمملکت سمیت خلیج کے بیشتر ممالک میں پہلا روزہ 10 جولائی کو ہوگا تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان ریاستی حکام کریں گے۔ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں 9 جولائی کو ہو گا۔