اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت+نوائے وقت رپورٹ ) سابق صدر پرویز مشرف کو غازی عبدالرشید قتل کیس میں حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ مل گیا ، 23جولائی کو پر پرویز مشرف اور ان کے دونوں ضامنوں کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ پرویز مشرف کیخلاف غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کی۔ سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے کراچی کے نجی ہسپتال کے ڈاکٹروں کی پانچ رکنی ٹیم کی جانب سے تیار کردہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی اور کہا کہ ڈاکٹروں نے پرویز مشرف کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف حرکت نہیں کر سکتے۔ اختر شاہ نے سابق صدر کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی اور کہا کہ سابق صدر کو سنگین سکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔ اس لئے کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لئے ملتوی کی جائے۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ پرویز مشرف کی بار بار عدم پیشی پر ملزم کے ضامنوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ سابق صدر کے وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف مستقل نہیں بلکہ آج کی حاضری سے استثنیٰ چاہتے ہیں۔ عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج واجد علی کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف پیش نہ ہوئے تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ عدالت نے پرویز مشرف کے دونوں ضامنوں کو بھی تیئس جولائی کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کر دی۔
عبدالرشید غازی قتل کیس، مشرف کی 23 جولائی کو طلبی نہ آئے تو کارروائی کرینگے:سیشن عدالت
Jul 02, 2014