لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت کی سست روی کی وجہ سے پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر ایم حفیظ آئی سی سی کی مقرر کردہ تاریخ کو چنائی میں باولنگ ٹیسٹ نہ دے سکے۔ ایم حفیظ نے منگل کو کولمبو سے بھارت کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم بھارتی حکام کی جانب سے انہیں بدھ کو اس وقت ویزا جاری کیا گیا جب ان کے باولنگ ٹیسٹ کا وقت گذر چکا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم حفیظ کے باولنگ ٹیسٹ کے لیے نئی تاریخ حاصل کرنے کے لیے آئی سی سی سے رابطہ کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے گال ٹیسٹ کے اختتام پر امپائرز کی جانب سے ایم حفیظ کے باولنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا تھا جس کے 14 روز کے اندر ان کے باولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرایا جانا ضروری ہے جس کے لیے آئی سی سی نے یکم جولائی کی تاریخ مقرر کی تھی کہ بھارت کے شہر چنائی میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو میکنکس لیب سے ٹیسٹ کرائیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفیظ کو بھارت کا ویزا مل گیا ہے تاہم آئی سی سی کی نئی تاریخ ملنے پر وہ کولمبو سے ٹیسٹ دینے کے لیے چنائی روانہ ہو جائیں گے۔
محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ، پی سی بی نے آئی سی سی سے مہلت مانگ لی
Jul 02, 2015