اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کی ہدایات پرموسمیاتی تبدیلی کی وفاقی وزارت نے نامور ماہرین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی موسمیاتی تبدیلی پر تھنک ٹینک تشکیل دیدی ہے۔ وفاقی وزارت سے منگل کوجاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اس تھنک ٹینک ، جس کا نام مشاورتی کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیل رکھا گیا ہے، وفاقی وزارت کو ملک کو درپیش مختلف موسمی خطرات، خاص کر سیلاب، بے ترتیب اور بے موسم بارشیں اور ان کے مختلف سماجی اور معاشی شعبوں پر مرتب ہونیوالے منفی اثرات، عام ہوتی ہوئیں شدید گرمی کی لہر کے واقعات، دریاؤں کے بے ترتیب اور کم ہوتے ہوئے بہاؤ، گرمی اور سردی کے بے ہنگم موسموں، سے نمٹنے کیلئے پالیسی معاملات پر وقتاً فوقتاً تجاویز دیتا رہیگا اور ان سے نمٹنے کیلئے مطابقت پذیری اور تخفیف کے حوالے سے مختلف پروگرامز ترتیب اور انکو عمل میں لانے پر بھی مشاورت فراہم کریگا۔ وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی کے ڈائریکٹر جنرل 27 ممبران پر مشتمل اس تھنک ٹینک کے سیکرٹری ہونگے جس کیلئے سینیٹر ڈاکٹر عائشہ رضا فاروق، ایم این اے مریم اورنگزیب، پنجاب اسمبلی کی ممبر رومینا خورشید عالم اور سید عظمیٰ قادری سمیت ممبر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی بھی اس تھنک ٹینک کے ممبر ہوں گے جو موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر عوام کی نمائندگی کریں گے۔ علاوہ ازایں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات ،پانی، زراعت، انرجی، گلیشیئرز کے شعبوں میں کام کرنیوالے ماہرین، سائنسدان ، تحقیق دان اور تعلیمی ماہرین شامل کئے گئے ہیں۔ مشاہد اللہ خان نے کہا ہے ملکی تاریخ میں یہ موسمیاتی تبدیلی پرحکومتی سطح پر پہلی مشاورتی کمیٹی ہے جس کا کردار موسمی خطرات پر قابو پانے یا ان میں کمی لانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ اس کمیٹی میںسرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے نمائندوں کے علاوہ عوامی نمائندے بھی شامل ہیں۔ یہ تھنک ٹینک مختلف سطح پر موسمی خطرات کے متعلق اور ان سے نمٹنے کے لئے مختلف تجاویز دینے میں بھی اپنا کردار ادا کریگا جس کے نتیجے میں پاکستان میں مختلف سماجی اور معاشی شعبوں پر پڑنے والے موسمی خطرات کے منفی اثرات سے نمٹنے یا ان کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔