اسلام آباد (صباح نیوز) وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ فریضہ حج پر جانے سے قبل روزانہ دو سے تین کلو میٹر واک کو اپنی عادت بنا لیں تاکہ دوران حج انہیں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو بیمار عازمین حج اپنے ساتھ ادویات لے کر جانا چاہیں وہ متعلقہ حاجی کیمپوں میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں اپنی ادویات کو سیل بند کراوئیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے پیکنگ نہ ہونے کی صورت میں ادویات لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ دیسی ادویات، سیرپ اور پاؤڈر جیسی ادویات لیکر جانا منع ہے۔ دل، بلڈ پریشر اور شوگر کے مریضوں کیلئے ہدایت ہے کہ پیک کی گئی ادویات کے علاوہ اپنے ساتھ چند گولیاں احتیاطاً اپنی جیب میں رکھ کر لے جاسکتے ہیں تاہم پیک کی گئی ادویات کو جدہ ائرپورٹ سے نکلنے تک کھولنے کی کوشش نہ کی جائے۔ عازمیں حج کو گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو ویکسین بھی دی جائی گی۔