دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قیام پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے: حافظ سعید

Jul 02, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ پاکستانی قوم کو فکری انتشار کا شکار اور اس کا اسلامی تشخص تبدیل کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ وطن عزیزسے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اتحاد و یکجہتی کا ماحول اور قیام پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے تحت تھرپارکر سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں کروڑوں روپے مالیت کے رفاہی منصوبہ جات کام کر رہے ہیں۔ برما سے ہجرت کر کے انڈونیشیا آنے والے مسلمانوں کیلئے شیلٹرز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ وہ گوجرانوالہ میں گوندلانوالہ کے مقامی شادی ہال میں درس قرآن کے ایک بڑے اجتماع اور چن دا قلعہ میں افطار پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ مودی نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران ڈھاکہ میں واجپائی کا ایوارڈ وصول کرتے وقت جو باتیں کیں انہیںکسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس کا صاف مطلب یہی ہے کہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پرقرار دی گئی دہشت گردی کا جرم قبول کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت دہشت گردی خود کروا رہا ہے اور الزامات ہمیشہ پاکستان پر لگاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی عروج پر پہنچ چکی۔ وہ آئے دن سبز ہلالی پرچم لہرا کر پاکستان سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اسے بھی جرأتمندانہ کردار ادا کرتے ہوئے انہیں غاصب بھارت کے پنجہ استبداد سے چھڑانے کیلئے عملی کردار ادا کرنا چاہئے۔

مزیدخبریں