لاہور(خصوصی رپورٹر) اپنے ماں باپ کی عزت ،اساتذۂ کرام کا احترام ، وقت کی پابندی اور قانون پر عمل کریں۔ کامیاب انسان بننے کیلئے جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں۔ نظریاتی سمر سکول میں بچوں کو اسلام اور پاکستان سے محبت کا درس دیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، شاہراہ قائداعظمؒ میں جاری اپنی نوعیت کے منفرد نظریاتی سمر سکول کے پندرہویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرمعروف کالم نگار و شاعر ڈاکٹر محمد اجمل نیازی، صدر لاہور پریس کلب محمد شہباز میاں، سینئر صحافی و اینکر پرسن ذوالفقار احمد راحت، معروف نعت خواں الحاج سرور حسین نقشبندی اور الحاج اختر حسین قریشی ، معروف صنعتکار مقصود بٹ اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کی طالبہ قندیل ظہیرنے تلاوت کلام پاک جبکہ طالب علم محمد حسیب نے ہدیۂ نعت پیش کیا، ننھی طالبہ حوا ملک نے انجام دیے۔ ڈاکٹر محمد اجمل نیازی نے کہا کہ قائداعظمؒ نے یہ ملک اس لیے حاصل کیا تھا کہ یہ مسلمانوں کی جنت ہو گی۔ اس سکول کو نظریاتی سمر سکول کا نام مجید نظامی مرحوم نے دیا تھا۔ اگر مجید نظامی مرحوم کی سوچوں ،خوابوں اور خیالوں کی قدر کی جاتی تو پاکستان قائداعظمؒ کا پاکستان بن جانا تھا۔ صدر لاہور پریس کلب محمد شہباز میاں نے کہا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے محنت کرنا پڑتی ہے کیونکہ محنت کے بغیر کامیابی کا ملنا ناممکن ہے۔ ہر کام اپنے وقت پر کرنے کی عادت ڈالیں اور جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں۔ ذوالفقار احمد راحت نے کہا کہ بچے ہماری قوم کا مستقبل ہیں۔ نظریۂ پاکستان اس ملک کی اساس ہے اور جب یہ نظریہ کمزور ہوا تو یہ ملک بھی کمزور ہو جائے گا۔الحاج سرور حسین نقشبندی نے کہا کہ کسی بھی نعت گو کیلئے سب سے بڑا اعزاز اس کا نعت گو ہونا ہی ہے۔ نظریاتی سمر سکول میں بچوں کو اسلام اور پاکستان سے محبت کا درس دیا جارہا ہے۔ مجید نظامی مرحوم نے نئی نسلوں کی تربیت کے ضمن میں نظریاتی سمر سکول کا خوبصورت سلسلہ شروع کیا ،جو آج تک جاری ہے۔الحاج اختر حسین قریشی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک ہم سے جدا ہو رہاہے ،ہمیں اس مہینے کی برکتوں اور رحمتوں کو سمیٹنا چاہئے۔