میٹرو ٹرین پر تنقید عام آدمی کی خوشحالی کی مخالفت ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کی دوسری قسط جاری کرنے پر چین کی قیادت، حکومت اور ایگزم بینک کے چیئرمین سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفاد عامہ کے اس بڑے منصوبے کیلئے فنڈز کی تسلسل کے ساتھ فراہمی پر چین کی قیادت، حکومت اور ایگزم بینک کے شکرگزار ہیں۔ فنڈز کی فراہمی وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور پنجاب حکومت پر چین کی لیڈرشپ کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ چین کے وزیر اعظم نے اورنج لائن میٹروٹرین کو پاکستان کیلئے تحفہ قرار دے کر پاکستان کے عوام سے جس والہانہ محبت کا اظہار کیا تھا، پاکستانی اس محبت اور تحفے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ شہبازشریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا کہ میٹروٹرین کے منصوبے پر تیز رفتاری سے اعلیٰ معیار کا کام ہو رہا ہے۔ منصوبے کے بارے میں بعض سیاسی عناصر کی طرف سے پراپیگنڈا کے باوجود چین کی قیادت نے منصوبے کیلئے مزید فنڈز فراہم کرکے پاکستان کے ساتھ دوستی کا بھرپور حق نبھایا ہے۔ تسلسل سے رقم کا اجرا اس منصوبے پر تنقید کرنے والوں کیلئے ایک سبق ہے۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کی مخالفت دراصل عام آدمی کی خوشحالی کی مخالفت ہے۔ عام آدمی کا ائیر کنڈیشنڈ اور آرام دہ ٹرانسپورٹ پر پورا حق ہے اور پنجاب حکومت میٹرو بس سروس اور میٹرو ٹرین جیسے شاہکار منصوبے بنا کر یہ حق انہیں دے رہی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلے ایسے منصوبے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا عظیم الشان منصوبہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا اور اس سے ٹرانسپورٹ کا کلچر بدلے گا۔ صوبے میں شفافیت کی پالیسی کے تحت تمام ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبل کی ملاقات کے دوران صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف خیبر پی کے کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے ملاقات کی۔ جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے اقدامات پربات چیت ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم یکجا ہے۔ آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...