کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا آخری وقت آ گیا ہے، عید کے بعد کرپشن کے خلاف تحریک چلائوں گا، سب جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، حکومت کوٹی او آرز کے لئے وقت دے رہے ہیں، معاملہ حل نہ ہوا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، سندھ پولیس میں سیاسی مفادات کے تحت بھرتیاں کی جاتی ہیں، جب تک تھانے کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا کراچی میں دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔ وہ جمعہ کو کراچی پہنچنے پر میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے۔ انصاف عمران خان نے کہا کہ امجد صابری کے قتل اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کا اغواء قابل مذمت ہے، کراچی میں رینجرز اچھا کام کر رہی ہے، جس کے باعث امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے لیکن جب تک خیبرپی کے کی طرح سندھ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک نہیں کیا جائے گا، کراچی میں امن و امان کی صورتحال بالکل ٹھیک نہیں ہو سکتی، پولیس میں بھرتیوں کے دوران میرٹ کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں، سیاسی جماعتوں نے اپنے لوگ پولیس میں بھرتی کرائے ہوئے ہیں، جب تک تھانے کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا کراچی میں امن نہیں آئے گا۔ ساری سیاسی جماعتوں سے بات کروں گا، عید کے بعد تحریک چلائوں گا، حکمران قوم کے مجرم ہیں، کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر جائیدادیں بنائی ہیں، میں تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک انہیں جیلوں میں نہ ڈلوا دوں، غریب لوگوں کو چوری پر جیل ڈال دیا جاتا ہے، اربوں روپے لوٹ کر نواز شریف کہتا ہے کہ احتساب کا قانون میں خود بنائوں گا، میں خود ٹی او آرز بنائوں گا، جب تک ساری قوم کھڑی نہیں ہو گی، ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ شریف برادران نے 4 ارب کا قرضہ بھی لیا، اس کے باوجود انہیں 2013ء کا الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی، حکمرانوں نے عدالتوں کو خریدا ہوا ہے، نیب، ایف بی آر میں اپنے آدمی بٹھائے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن میں لوگ خریدے ہوئے ہیں، پہلے دھاندلی کر کے الیکشن جیتے ہیں، پھر کرپشن بھی کرتے ہیں، ٹیکس کے پیسے سے لوگ بھی خریدتے ہیں، حکمرانوں کا آخری وقت قریب آ گیا ہے، مجھے پاکستان میں تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں آیا ہوں، کرپشن کے خلاف تحریک میں سب کو دعوت دیتے ہیں جو بھی آنا چاہے آ سکتا ہے، ٹیکس لگا کر جتنا پیسا اکٹھا کیا جاتا ہے اس سے دگنا کرپشن کے ذریعے چوری کرلیا جاتا ہے، کرپشن کے خلاف سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ جن ٹی او آرز پر نواز شریف کا احتساب کرنا ہے ان ہی پر میرا بھی احتساب کرلیا جائے، جب میں نہیں ڈر رہا تو یہ کیوں ڈر رہے ہیں، نواز شریف اگر سمجھتا ہے کہ تاخیر سے ہم بھول جائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے عبدالستار ایدھی سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں عبدالستار ایدھی کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ ایدھی پاکستان کے آئیکون ہیں۔ عمران امجد صابری کے گھر بھی گئے۔ انہوں نے امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے امجد صابری کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امجد کی شہادت پر ملک بھر میں صدمے کی لہر آ گئی۔ لگ رہا تھا کہ کراچی میں امن آ رہا ہے۔ اس امن کو دھچکا لگا۔ تفتیش کی جائے کہ امجد صابری جیسے انسان کو کیوں قتل کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کا خسارہ ساڑھے چار سو کروڑ ہے۔ بیرون ملک علاج کے خرچ سے پاکستان میں ہر سال نیا ہسپتال بن سکتا ہے۔ دو مرتبہ علاج شوکت خانم سے کرایا باہر نہیں گیا۔ میاں صاحب بھی علاج کے لیے باہر گئے ہوئے ہیں۔ ہم امید کر رہے ہیں میاں صاحب واپس آئیں گے۔ پتہ نہیں آئیں یا نہ آئیں۔ کراچی میں آئندہ سال شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر شروع ہو گی۔