لیلۃ القدر آج ہوگی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ الوداع عقیدت و احترام سے منایا گیا

لاہور+ جدہ (خصوصی نامہ نگار+ امیر محمد خان) پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ الوداع مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں کرائی گئیں۔ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اسلام آباد میں جمعۃ الوداع کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ لاہور میں بادشاہی مسجد میں مولانا عبدالخبیر نے جمعہ کا خطبہ دیا اور ملک میں امن و استحکام، ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کرائی۔ ملک بھر مں لیلۃ القدر آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔ لوگ اللہ کے حضور خصوصی عبادات کریں گے۔ نوافل ادا کئے جائینگے۔ قیام اللیل، شب بیداری اور شبینہ کی محافل ہونگی جن میں ختم قرآن پاک ہوگا۔ لاہور میں لیلۃ القدر (ستائیسویں) رمضان المبارک کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں ہوگا جس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے، مناجات کی محفل ہوگی جس میں اللہ تعالیٰ کے حضوراجتماعی توبہ و استغفار و رجوع الی اللہ، عبادات، تلاوت ، ذکر واذکار و نوافل ادا کئے جائیں گے۔ خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیر آزاد ٹھیک 1:30 بجے رات خصوصی دعا کرائیں گے۔ دریں اثنا دنیا بھر کے 15 لاکھ سے زائد افراد نے مسجد الحرام میں جمعۃ الوداع کی نماز ادا کی اور قیام اللیل کی عبادت میں شرکت کی۔ صدر ممنون حسین، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، شیخ رشید، اعجاز الحق، رضا ربانی اور درجنوں ایم این ایز، ایم پی ایز نے بھی حرمین میں نماز ادا کی۔ گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے سعودی حکومت نے صحن حرم میں واٹر سپرے فین نصب کئے تھے، کئی زبانوں میں تربیت حاصل کرنے والے 15 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کئے گئے۔ حرم شریف کے 120 دروازے، توسیع شدہ کنگ عبداللہ گیٹ بھی کھول دیا گیا۔ حرم شریف کی چھتیں، دالان، تمام فلور نمازیوں سے بھر گئے۔ مسجد نبوی، تاریخی مساجد قبا، قبلتین اور سعودی عرب کے تمام شہروں میں 10 لاکھ معتمرین نے نماز ادا کی۔

ای پیپر دی نیشن