ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ+اے ایف پی+رائٹرز) داعش نے ڈھاکہ کے علاقے گلشن میں ڈپلومیٹک زون میں واقع سپینی ریسٹورنٹ ہولے آرٹیسن میں حملہ کر کے 20سے زائد افراد کو ہلاک جبکہ 60کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حملہ آوروں نے غیر ملکیوں سمیت کئی افراد کو یرغمال بنا لیا، بنگلہ دیشی اخبار’’ دی سٹار‘‘ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد30ہے۔ رات گئے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ بنگلہ دیشی پولیس افسروں کے مطابق حملے میں صرف 2اہلکار ہلاک ہوئے۔ حملہ آور دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا حملہ آور اللہ اکبر کے نعرے لگا رہے تھے۔ ڈھاکہ کے علاقے گلشن میں پولیس نے ہولے آرٹیسن ریسٹورنٹ کو گھیرے میں لے لیا۔ جس کیفے میں فائرنگ کی گئی ہے وہ متوسط طبقے‘ سفارتی برادری اور غیرملکیوں میں خاصہ مقبول ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یرغمال افراد میں خواتین بھی شامل ہیں‘ حملہ آوروں کی تعداد 5 سے 9ہے۔ 5حملہ آوروں نے دستی بم بھی پھینکے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کی تعداد 60سے زائد ہیں جن میں 20غیرملکی شامل ہیں۔ حملہ آوروں کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک افراد میں دو اطالوی شہری اور 3 نیٹو پولیس افسر شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے ہلاک ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر ربیع الاسلام اور پولیس سٹیشن انچارج صلاح الدین شامل ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈھاکہ میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر سے رابطے میں ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر اور سفارتی عملہ محفوظ ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امریکی سفارتی عملہ اور شہری بھی محفوظ ہیں۔
ڈھاکہ (نیوز ڈیسک+ نیٹ نیوز) بنگلہ دیش میں نامعلوم افراد نے 2 مختلف واقعات میں ہندو پنڈت اور بدھ راہب کو قتل کر دیا۔ ہندو پنڈت کے قتل کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع زینیدیا کے گائوں کاٹنگرا میں 62 سالہ پنڈت شیام آنند صبح سویرے پوجا کی تیاریاں کر رہے تھے کہ گھر کے باہر موٹر سائیکل پر سوار 3 نوجوانوں نے چاقوئوں کے پے درپے وار کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا، شیام آنند کی ہسپتال جا کر موت ہو گئی۔ اسی علاقے میں چند کلومیٹر کے فاصلے پر پولیس نے جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم ’’اسلامی چھاتر شبر‘‘ کے 2 کارکنوں کو جعلی مقابلے میں ہلاک کر دیا۔ دونوں نوجوانوں کے نام ظاہر نہیں کئے گے مگر بنگلہ دیش پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ہندو پجاری آنند گوپال گنگولی کے چند ہفتے پہلے ہونے والے قتل میں ملوث تھے۔ بنگلہ دیشی اخبار دی سٹار کے مطابق داعش نامی عالمی دہشت گرد تنظیم نے پنڈت شیام آنند کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ اس سے چند گھنٹے قبل بنگلہ دیش کے علاقے بندربن میں بدھ کسان کو نامعلوم افراد نے کھیتوں سے گھر واپس آتے ہوئے بیچری بازار میں سرعام چاقو مار کر قتل کر دیا۔ مونگ نامی بدھ کسان کے قتل کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔