اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے محمد سجاد اورمحمد بلال کرغیستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والی ایشیئن 6 ریڈ بال سنوکر چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے انہوں نے کوارٹر فائنل میچوں میں پاکستان کے محمد بلال نے سابقہ ورلڈ چیمپیئن بھارت کے پنکج ایڈوانی کو 6-2 سے اور پاکستان ہی کے محمد سجاد نے اپنے ہم وطن بابر مسیح کو 6-4 سے شکست دی۔ یہ محض اتفاق تھا کہ پاکستان کے چاروں کھلاڑی ناک آوٹ راونڈ میں ایک ہی ہاف میں آگئے۔ پری کوارٹر فائنل میں محمدسجاد نے اسجد اقبال کو شکست دی جبکہ بابر مسیح اور محمد بلال دیگر کھلاڑیوں کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچے۔ پہلے کوارٹر فائنل میں محمد سجاد نے بابر مسیح کو 6-4 سے شکست دی اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے محمد بلال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوبار کے سابق عالمی چیمپیئن بھارتی کھلاڑی پنکج ایڈوانی کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-2 سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا دوسری جانب تھائی لینڈ کے کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچ گئے چوتھا کوارٹر فائنل تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے کھلاڑیوں کے مابین خبر فائل ہونے تک جاری تھا۔ دونوں سیمی فائنل آج ہوں گے۔