تحریک پاکستان کے کارکن، صحافی، نوائے وقت کے کالم نگار ‘شریف فاروق انتقال کر گئے، صدر، وزیراعظم وزیراعلیٰ پنجاب ‘ مریم اورنگزیب اور دیگر کا اظہار افسوس

Jul 02, 2017

پشاور/ لاہور (بیورو رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) بزرگ صحافی، تحریک پاکستان کے کارکن اور متعدد کتابوں کے مصنف، صدارتی ایوارڈ یافتہ برائے حسن کارکردگی شریف فاروق انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازجنازہ ہفتہ کی شام ان کی رہائش گاہ جاوید ٹاﺅن گلبہار پشاور میں اداکی گئی جس میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام، اعلیٰ حکام، صحافیوں، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شریف فاروق 1951ءسے 1962ءتک پشاور میں روزنامہ ”شہباز“ کے ایڈیٹر رہے، وہ روزنامہ ”نوائے وقت“ لاہور کے چیف رپورٹر اور بعدازاں روزنامہ ”نوائے وقت“ راولپنڈی کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ انہوں نے لاہور سے روزنامہ ”جہاں نما“ کا اجراءکیا۔ جبکہ 1974ءکو پشاور سے روزنامہ ”جہاد“ پشاور کی داغ بیل ڈالی۔ شریف فاروق کی انعام یافتہ تصانیف میں ”قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کا مردِ حریت“ اور ”مادر ملت سرمایہ ملت“ سمیت دیگر کئی کُتب شامل ہیں۔ آپ نے صوبہ میں معیاری صحافت کے فروغ کے لئے قابل قدر کردار ادا کیا۔ مرحوم کے سوگواران میں ان کے بیٹے طاہر فاروق، خالد فاروق اور تین صاحبزادیاں شامل ہیں۔ شریف فاروق روزنامہ نوائے وقت میں کالم بھی لکھتے رہے۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف‘ وزیراعلیٰ شہباز شریف‘ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب اور خیبر پی کے کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا اور دیگر نے شریف فاروق کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نواز شریف نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شریف فاروق نے اپنے قلم کو پاکستان کی خدمت کیلئے استعمال کیا اور ان کی خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔
شریف فاروق/ انتقال

مزیدخبریں