قومی کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان تاخیر کا شکار

لاہور (نمائندہ سپورٹس) چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریبات کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان تاخیر کا شکار ہو گیا۔ نئے کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی سے ہونا ہے، پرانے معاہدے میں بڑی تبدیلیاں ہونگی۔ماہوار تنخواہ پر مشتمل قومی کرکٹرز کا سینٹرل کنٹریکٹ تیس جون کو ختم ہو چکا ہے اور نئے کا اعلان کرکٹرز کے اعزاز میں ہونے والی تقریبات میں مصروفیت کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اورڈمیسٹک کے ہیروز کو جگہ ملے گی۔ اے کیٹگری سے مصباح الحق اور یونس خان آو¿ٹ ہو گئے ہیں جبکہ سرفراز احمد، محمد حفیظ، شعیب ملک، یاسر شاہ اور اظہر علی کی جگہ پکی ہو گئی ہے۔ محمد عامر اور عماد وسیم میں سے ایک نام کی اے کیٹگری میں شمولیت کو حتمی شکل دی جائے گی۔بی کیٹگری میں بابر اعظم، اسد شفیق، حسن علی، جنید خان اور وہاب ریاض شامل ہوں گے۔ سی کیٹگری میں راحت علی، حارث سہیل، محمد رضوان، شان مسعود، سمیع اسلم، عمران خان، سہیل خان، سہیل تنویر، شاداب خان اور فخر زمان کے نام شامل ہیں۔ڈی کیٹگری میں احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد اصغر، عثمان صلاح الدین، محمد عباس، عمر امین، رومان ریئس، فہیم اشرف اور محمد نواز نے جگہ پائی ہے۔ صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، آصف ذاکر، عثمان شنواری، عامر یامین اور عماد بٹ کو ڈمیسٹک پرفارمر کیٹگری میں رکھا جا رہا ہے۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی حتمی رائے اور چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری ابھی باقی ہے۔

ای پیپر دی نیشن