لاہور (نامہ نگاروں سے) مطالبات منظور نہ ہونے پر انجمن پٹواریاں پنجاب نے غیرمعینہ مدت کیلئے یکم جولائی سے ہڑتال کر دی۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق انجمن پٹواریاں پنجاب نے اپنے مطالبات کی حمایت میں ہڑتال کر دی۔ انجمن پٹواریاں پنجاب کے جنرل سیکر ٹری ملک زاہد افضل آرائیں نے بتایا وزیراعلیٰ پنجاب نے 9جنوری کو پٹواریوں کے مطالبات منظور کرتے ہوئے رواں سال کے بجٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن وزیراعلیٰ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ پٹواریوں کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے نہ ہی مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا اس لیے پٹواریوں نے یکم جولائی سے قلم چھوڑ ہڑتال شروع کر دی۔ پٹواری ہر تحصیل میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ صدر انجمن پٹواریاں تحصیل چیچہ وطنی محمد علی کچھی کے مطابق تحصیل چیچہ وطنی میں گزشتہ روز مکمل ہڑتال رہی۔ انجمن پٹواریاں ساہیوال نے وزیراعلیٰ پنجاب کی 3جولائی کو ساہیوال آمد کے موقع پر سرکاری تقریب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق محکمہ مال کے پٹواریوں کی مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔ انجمن پٹواریاں تحصیل عارفوالا کے صدر سید شبیر شاہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ایک سال سے ہمیں سبز بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے۔ حکومت پنجاب محکمہ مال کے پٹواریوں کو نہ جانے کس جرم کی سزا دے رہی ہے۔