کراچی (نیو ز رپو رٹر )جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم ،جامعہ مخزن العلوم کے صدر ڈاکٹر قاسم محمود ،پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی اور دیگر علماء کرام سے پی ایس 114سے ایم ایم اے کے نامزد امیدوار قاری محمد عثمان کی وفد کے ہمراہ ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور اور حلقہ پی ایس 114کی سیاسی صورتحال اور مسائل پر تبادلہ خیال ۔ وفد میں جے یو آئی ضلع غربی کے جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی ، معروف سماجی رہنماء حاجی محمد طاہر انصاری، عزیز الرحمن عزیز، انجینئر سلیم خان اور دیگر بھی شامل تھے۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم، ڈاکٹر قاسم محمود اور طارق محمود مدنی نے کہاکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔اس کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ مرکزی وصوبائی حکومتیں بھی لوٹتی رہی ہیں۔ٹوٹی پھوٹی سڑکیں،ابلتے گٹر اور کچرے سے بھرے چوراہے گواہ ہیں گزشتہ حکومت نے شہر قائد کو کچھ نہیں دیا۔سیاستدانوں کے سابقہ ریکارڈ اوربلندوبانگ دعووں سے تنگ عوام مسیحا کی منتظر ہے۔ قوم کا شعور بیدار ہوچکاہے ۔عوام اپنے نمائندوں کا احتساب کررہے ہیں۔ 2018کے الیکشن تبدیلی کا سال ہوگا ۔پرانے اور موروثی چہروں کی اب سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ 114اس وقت بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ کسی بھی حکومت نے کبھی اس حلقے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ اس موقع پر قاری محمد عثمان نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہماری جدوجہد چہرے بدل بدل کر قوم کی تقدیر کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کیخلاف ہے،۔متحدہ مجلس عمل الیکشن میں سندھ میں بڑی قوت بن کر ابھرے گی۔دینی جماعتوں کا اتحاد مذہبی طبقے کو مایوس نہیں کرے گا۔انہوں نے کہاکہ کرسی اور اقتدار ہمارے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ہماری جدوجہد ملک کو معاشی ومعاشرتی کرپشن سے نجات دلانے کیلئے ہے۔ جمعیت علماء اسلام ملکی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدات کا سیاسی میدان میں دفاع کرتی رہے گی ۔اس الیکشن میں قوم متحدہ مجلس عمل کو بھرپور ووٹ دے کر کامیاب کرے۔