لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہونا والا انڈر 18 ہاکی ٹورنامنٹ لاہور گرینز کی ٹیم نے جیت لیا۔ فائنل میں لاہور گرینز نے سخت مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ بنوں کی ٹیم کو ایک صفر سے مات دی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی پچ نمبر ٹو پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا تھا جس کا فائنل لاہور گرینز اور بنوں کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ ہاف ٹائم تک کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تاہم میچ کے تیسرے کوارٹر میں لاہور گرینز کے گل شیر نے فیلڈ پلے کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ بنوں ٹیم کے کھلاڑیوں نے ایک گول کے خسارے کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم اس میں ناکام رہی۔ میچ کے اختتام پر اولمپیئن توقیر ڈار نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز کی بڑی تعداد موجود تھی۔