لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کو چھٹی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے بیلجیئم کے خلاف کھیلا جانے والے میچ دو دو گول سے برابر رہا تاہم پنلٹی شوٹ آوٹ پر بیلجیئم نے کامیابی حاصل کر کے پانچویں پوزیشن اپنے نام کر لی۔ نیدر لینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلے جانے والے چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے اس میچ کے پہلے کوارٹر میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ تاہم دوسرے کوارٹر کے پہلے میچ کے 16 ویں منٹ میں پاکستان کی طرف سے علی شان نے بال کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی۔ 11 منٹ بعد بیلجیئم کو ملنے والے پنلٹی شوٹ آوٹ پر گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ ہاف ٹائم تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ تیسرے کوارٹر میں میچ کے 34 ویں منٹ میں بیلجیئم کے فلورنٹ نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے ایک گول کے خسارے کو اتارنے کی بھرپور کوشش کی جو میچ کے آخری منٹ میں اس وقت پوری ہوئی جب آخری پنلٹی کارنر پر پاکستان کے توثیق ارشد نے گول کر کے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت کے بعد پنلٹی شوٹ آوٹ مرحلہ میں بیلجیئم نے کامیابی حاصل کر کے پانچویں پوزیشن اپنے نام کی۔ آسٹریلیا نے بھارت کو ہراکر چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر تھا تاہم آسٹریلیا نے ایک کے مقابلے میں تین پنالٹی گول کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ ہالینڈ نے ارجنٹائن کو دو صفر سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ: پنلٹی شوٹ آئوٹ پر بیلجئم کامیاب ‘ پاکستان کی آخری پوزیشن
Jul 02, 2018