ممبئی (آئی این پی)پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، جو اس وقت حاملہ ہیں، نے انکشاف کیا ہے کہ جب سے لوگوں اور مداحوں کو ان کے حاملہ ہونے کا پتہ چلا ہے وہ ان کے ہاں بیٹا پیدا ہونے کی دعا کرتے ہیں۔ 24اپریل کو ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ثانیہ مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد اکتوبر 2018 میں ہوگی۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے حمل سے ہونے کی خبر کئی ہفتوں تک خفیہ رکھی۔اگرچہ ثانیہ مرزا پہلے بھی یہ کہہ چکی ہیں کہ ان کے شوہر شعیب ملک بھی چاہتے ہیں کہ ان کے ہاں پہلے بیٹی کی پیدائش ہو اور وہ خود بھی بیٹی کی خواہش کا اظہار کر چکی ہیں۔تاہم اب انہوں نے انکشاف کیا کہ لوگ اور مداح ان کے لیے دعا کرتے ہیں کہ ان کے ہاں بیٹی نہیں بلکہ بیٹا پیدا ہو۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ (یو این) کی خواتین کے حقوق سے متعلق مہم مجھے حق ہے کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے بتایا کہ لوگ ان کے ہاں بیٹا پیدا ہونے کی دعائیں کرتے ہیں۔ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ جب لوگ ان کے ہاں بیٹا ہونے کی دعا کرتے ہیں تو وہ انہیں کہتی ہیں کہ وہ دعا کریں کہ ان کے ہاں بیٹا نہیں بلکہ بیٹی پیدا ہو۔