چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 1970 کے بعد قوم کو دوبارہ موقع مل رہا ہے، یہ الیکشن قوم کی تقدیر بدل دے گا،اگلے تین ہفتوں میں مقابلہ ہو گا، کبھی اپنے مخالف کو کمزور مت سمجھیں، یہ الیکشن عام الیکشن نہیں، اگلے پانچ روز میں پارٹی کا منشور پیش کریں گے،جن کو ٹکٹ ملی انہیں خوش آمدید کہتا ہوں جن کو نہیں ملے ان سے معذرت ، اپنی طرف سے منصفانہ طریقے سے ٹکٹ دیئے۔سیال شریف میں پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں پاکستان میں تباہی ہوئی، گزشتہ دورِ حکومت میں پاکستان کے قرضوں میں اضافہ ہوا، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی کر کے عوام پر بوجھ ڈالا گیا، یہ ظلم کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات گر گئیں جبکہ ملکی قرضے 27 ہزار ارب تک پہنچ چکے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ لیکن اب آئندہ الیکشن پاکستان کو تبدیل کرسکتا ہے، جو پارٹی بھی کامیاب ہوئی اسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن جو اصلاحات کرے گا وہی پاکستان کو مسائل سے نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے تین ہفتوں میں مقابلہ ہو گا، کبھی اپنے مخالف کو کمزور مت سمجھیں، یہ الیکشن عام الیکشن نہیں، اس میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جن کو ٹکٹ ملی انہیں خوش آمدید کہتا ہوں لیکن جن کو نہیں ملے ان سے معذرت کرتا ہوں، اپنی طرف سے منصفانہ طریقے سے ٹکٹ دیئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کل بنوں میں شدید گرمی میں بھی عوام کا سمندر جمع تھا اور سب لوگ اسی لیے نکلے تھے کہ انہیں امید نظر آرہی ہے۔عمران خان نے کہاکہ آپ سب تیار رہیں، تین ہفتوں میں مقابلہ آرہا ہے، اسے عام الیکشن مت سمجھیں، یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، یہ الیکشن ملک تبدیل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں کسان پسِے ہوئے ہیں اور سندھ میں ان لوگوں کا برا حال ہے جنہوں نے گنا اگایا ہے جب کہ کسان کی پانچ سال میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے، اگلے پانچ دنوں میں ہمارا منشور آرہا ہے جس میں کسانوں کے لیے خاص پیکج لائیں گے کیوں کہ کسان دلدل سے نکلے گا تو ملک خوشحال ہوگا۔