سرینگر (کے پی آئی+ این این آئی) بڈگام میںبھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان ہلال احمد کو ضلع پلوامہ کے علاقے لاسی پورہ میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ حزب المجاہدین سے وابستہ ہلال احمد بٹ کی نماز جنازہ میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس دوران مظاہرین اور فورسز میں شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں کئی افراد کو چوٹیں آئیںجبکہ ضلع بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔تاہم فورسز اہلکاروں نے مظاہرین پر آنسو گیس کے کئی گولے داغے۔ فوسز نے پیلٹ کا بھی استعمال کیا۔ شہید کی میت کو پولیس نے قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لواحقین کے سپرد کیا۔ ہلال احمد کی میت جونہی آبائی علاقے میں پہنچائی گئی تو مردوزن بڑی تعداد نے فورسز کارروائی کیخلاف احتجاج کیا۔ نوجوان کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شہید ہلال احمد شادی شدہ تھا اور تین سالہ بیٹے کا باپ تھا۔ ضلع بارہمولہ کے اولڈ ٹائون کے علاقے میں اتوار کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا 25سالہ کشمیری نوجوان پیر کی صبح صورہ ہسپتال سرینگر میں زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سمیر احمد آہنگر کے پیٹ اور ٹانگ پر گولیاں لگی تھیں۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سمیر گزشتہ شب گولیاںلگنے سے زخمی ہو گیا تھا جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میںبارہمولہ ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں سے اسے صورہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ادھر برطانوی نشریاتی اداے کے مطابق مقبو ضہ کشمیر میں فوجی آپریشنز کے دوران ہزاروں کی تعداد میں رہائشی مکانات تباہ ہوئے جس کی وجہ سے ان گھروں کے مکینوں کو بے گھر ہونا پڑا۔ بے گھر افراد کو طرح طرح کی دشواریاں بھی جھیلنی پڑتی ہیں۔ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جون میں28کشمیریوں کو شہید کیا۔ ان میں سے2نوجوانوںکو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے پیر کوجاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ان شہادتوں کے نتیجے میں2خواتین بیوہ اور 3بچے یتیم ہو گئے۔اس عرصے کے دوران بھارتی فورسزکے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ گنز ، پاوا شیل اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے 130افراد شدیدزخمی ہو گئے جبکہ گھروں پر چھاپوں کے دوران حریت کارکنوں اور طلبا ء سمیت 97افراد کو گرفتار کرلیاگیا ۔ بھارتی فورسز نے 18مکانات کو نقصان پہنچایا اور لوٹ مار کی جبکہ ایک لڑکی کی بے حرمتی کی ۔
مقبوضہ کشمیر: شہید نوجوان سپرد خاک‘ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت‘ مظاہرے‘ جھڑپیں‘ متعدد زخمی
Jul 02, 2019