اسلام آباد + لاہور (خصوصی رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی) سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس آج ہوگا۔ جس میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرنسز پرمزید کارروائی کی جائے گی۔ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے کہا ہے کہ وکلاء برادری آج ملک بھر میں یومِ سیاہ منائے، اس دوران بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے، بار رومز پر سیاہ جھنڈے لہرانے سمیت اس روز ملک بھر کی بارز کے عہدیداروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس کے موقع پر عدلیہ کی آزادی سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد سپریم کورٹ بلڈنگ میں آج صبح گیارہ بجے پہنچ کر کونسل کی کاروائی تک موجود رہیں جس کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کے حتمی فیصلوں کی روشنی میں اس موقع پر ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔