اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ سندھ میں نمبر پورے ،گورنر سندھ جادوگر آدمی ہیں جب بھی وزیراعظم نے کہا وہ 48 گھنٹوں میں تبدیلی لے آئیں گے، مسلم لیگ( ن) کو ہم نہیں توڑ رہے بلکہ خود مریم نواز توڑ رہی ہیں، شہبازشریف لندن گئے تو مریم نواز نے پارٹی پر شب خون مارا، شہبازشریف نے میثاق معیشت کی بات کی تو خواجہ آصف نے ڈیسک بجایا تاہم مریم نے مذمت کی تو خواجہ آصف مڑ گئے۔پیر کو بارانی زرعی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو ایک اور کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے، سندھ میں جانے والا پیسہ دبئی سے نکلتا ہے،بلوچستان میں 30 ہزار کروڑ روپیہ گیا، بلوچستان میں چپڑاسیوں نے بھی راڈو کی گھڑیاں پہنی ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 برسوں میں 24 ٹریلین قرضہ لیا گیا، کدھر گیا، 10 سالوں کی چوری کا حساب کتاب ہی نہیں مل رہا تاہم ہم ملک میں شفاف حکومت اور احتساب کا کلچر لے کر آئے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ 9 ارب ڈالر قرضہ اس سال ہم نے واپس کیا ہے، سندھ میں 90 ہزار کروڑ روپے گیا کوئی پتہ نہیں یہ کہاں گیا، جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی کوئی فائدہ نہیں ہے، حکومت پر ایک سال میں کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا تاہم 24 ہزار ارب ڈالر قرضہ لینے پر ہائی پاور کمیشن بنا دیا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ( ن) کو ہم نہیں توڑ رہے بلکہ خود مریم نواز توڑ رہی ہیں، شہبازشریف لندن گئے تو مریم نواز نے پارٹی پر شب خون مارا، شہبازشریف نے میثاق معیشت کی بات کی تو خواجہ آصف نے ڈیسک بجایا تاہم مریم نے مذمت کی تو خواجہ آصف مڑ گئے، مسلم لیگ (ن) کے اندر بحران ہے انہیں سمجھ نہیں آ رہی، (ن) لیگ کے جو بندے آئیں گے ہم تو انہیں چھوٹا سا آشیانہ دیں گے۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ایک جادوگر آدمی ہیں، ان کی جادوئی شخصیت ہے، جب بھی وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ سے کہا تبدیلی لانی ہے تو 48 گھنٹوں میں گورنر تبدیلی لے آئیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو کے اخراجات اسی اکانٹ سے ہوتے تھے جس سے ایان علی کے خرچے جاتے تھے، بلاول بھٹو اور فریال تالپور کے گرفتاری کا فیصلہ نیب نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے، چوہدری نثار نے دیر کر دی۔