کراچی(این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی تشکیل کردہ کونسل آف بزنس لیڈرز گزشتہ 9ماہ سے مکمل طور پر غیر فعال ہے ، اپنے قیام سے اب تک اس22رکنی کونسل کا کوئی بھی اجلاس نہیں ہوسکا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اکتوبر2018میں وزیر اعظم عمران خان نے اپنی سربراہی میں ایک22رکنی کونسل آف بزنس لیڈرز تشکیل دی تھی،جس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سمیت ملک کے نمایاں کاروباری افراد اوربیرون ملک مقیم ممتاز پاکستانی شامل تھے جبکہ بعد ازاں اس کونسل میں ایف پی سی سی آئی کے صدر کو بھی نمائندگی دے دی گئی تھی۔ کونسل نے ملک میں بر آمدات اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات کرنے تھے ،تاہم حیرت انگیز طور پر9ماہ گزر جانے کے باوجود اب تک کونسل کا ایک بھی اجلاس نہ بلایا جاسکا اور نہ ہی اس کونسل کو اقتصادی فیصلوں اور بجٹ سازی میں شامل کیا جاسکا ہے ۔ کونسل کے ایک رکن نے بتایا ہے کہ9 ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کونسل کا اجلاس نہ ہونا باعث تشویش ہے۔