لاہور (کامرس رپورٹر) رواں مالی سال 2019-20کے بجٹ کے نفاذ کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت میں مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے۔ چینی پر 17فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ سے مقامی تھوک مارکیت میں ایک کلو چینی کی قیمت میں3روپے اضافہ ہو گیا ہے جس سے اسکی قیمت 66روپے سے بڑھ کر 69روپے ہو گئی جبکہ پرچون سطح پر اسکا ریٹ 72روپے سے بڑھ کر 75روپے ہو گیا ہے، سیمنٹ کی 50کلو کی بوری کی قیمت جو 480روپے سے 520روپے تھی بڑھ کر 620روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح پیکڈ ساسوجز، تیارشدہ میٹ، پولٹری مصنوعات کی ایک کلو کی پیکنگ پر 17فیصد سیلز ٹیکس لگنے سے 100روپے اضافہ ہوا ہے، خشک اور لیکوڈدودھ پر 17فیصد سیلز ٹیکس کا اطلاق ہونے سے ان اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اسی طرح 17فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگنے سے ایک کلو گھی اور ایک لیٹر کاکنگ آئل کی قیمت میں 22روپے یا اس سے بھی زائد اضافہ ہوگا۔ سگریٹ کے ایک برانڈ کی ڈبی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 150روپے سے بڑھ کر 170 روپے ہو گئی ہے۔
بجٹ نافذ ہوتے ہی چینی، گھی، سیمنٹ، خشک دودھ، سگریٹ مزید مہنگے ہونگے
Jul 02, 2019