دوحا (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت’’حماس‘‘کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابومرزوق نے کہا ہے کہ قضیہ فلسطین کی ہرسازش بری طرح ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے وطن کے ایک ذرے سے بھی دست بردار نہیں ہوگی۔ڈاکٹر موسی ابو مرزوق نے ان خیالات کا اظہارمرکزاطلاعات فلسطین کو دیئے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا۔ چھینے گئے تمام حقوق کے حصول کے لیے فلسطینی قوم مسلح مزاحمت سمیت ہرمحاذ پرجدو جہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اس بات پرخراج تحسین کی مستحق ہے کہ اس نے اجتماعی طورپر عالمی سازشوں کے سامنے ثابت قدمی اور استقلال کا مظاہرہ کیا۔انہوںنے کہا کہ صدی کی ڈیل اور مناما کانفنرس اسرائیلی نظریات کی ترویج کے لیے تیار کردہ منصوبے ہیں۔ صدی کی ڈیل کی سازش کا مقصد قضیہ فلسطین کا تصفیہ کرنا ہے مسئلے کا منصفانہ حل نکالنا نہیں۔ انہوںنے کہا کہ امریکا فلسطین کے دیگر علاقوں کو بھی صہیونی ریاست میں ضم کرنا چاہتا ہے اور فلسطینیوں کو زیادہ سے زیادہ ایک صوبائی خود اختیاری کا درجہ دینے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔