کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بارہویں آئی سی سی ورلڈکپ 2019کے لیگ میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کا بھرکس نکال دیا اور اسے تمام شعبوں میں آوٹ کلاس کر دیا۔ سری لنکا نے آوشکا فرنینڈو کی سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میچ میں فتح کے لیے 339رنز کا ہدف دیا ہے۔چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا لیکن یہ اقدام غلط ثابت ہوا۔سری لنکن اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 93رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جس کا خاتمہ 32 رنز بنانے والے دمتھ کرونارتنے کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا۔ویسٹ انڈیز کو دوسری وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور 104 کے مجموعے پر وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں کوشل پریرا کی 64رنز کی اننگز تمام ہوئی۔اس کے بعد آوشکا فرنینڈو کا ساتھ دینے کوشل مینڈس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 85رنز کی شراکت قائم کی، مینڈس 39رنز بنانے کے بعد فیبیئن ایلن کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔تاہم دوسرے اینڈ سے فرنینڈو نے عمدہ کھیل جاری رکھا اور تجربہ کار اینجلو میتھیوز کے ہمراہ مزید 58رنز کی شراکت قائم کی۔اختتامی اوورز میں لہیرو تھری مانے اور فرنینڈو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 67رنز کی شراکت قائم کی، فرنینڈو 104رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد شیلڈن کوٹریل کی وکٹ بنے۔تھری مانے نے 33 گیندوں پر 45رنز بنائے جس کی بدولت سری لنکا کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 338رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔قبل ازیں میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں ایک جبکہ سری لنکا کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں تاہم اس میچ کا نتیجہ پوائنٹس ٹیبل پر اثر انداز نہیں ہوگا۔سری لنکا نے عالمی کپ کے دوران اب تک 7 میچز کھیلے جن میں 2 میں کامیابی حاصل کی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 2 میچ بارش کی نذر ہوئے۔اسی طرح کی صورتحال کا سامنا ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو بھی رہی ہے جس نے ایونٹ میں 7 میچز کھیلے اور صرف اپنا پہلا میچ جیتا تھا جہاں اس نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اسے 5 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ایوشکا فرنینڈو 104 اور کوشال پریرا 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے 2، فابین ایلن، اوشین تھامس اور شیلڈن کوٹریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں، میچ کا نتیجہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ٹیموں پر اثر انداز نہیں ہوگا