اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سیفران کے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ قوموں کو افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کے سلسلے میں انسانی بنیادوں پر اور اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر کی طرف سے افغان پناہ گزینوں کی دیکھ بھال کے سلسلے میں دنیا کو تعاون کرنا چاہئے، حکومت پاکستان نے ابتدائی طور پر 14 لاکھ افغان پناہ گزینوں کو بینک اکائونٹس کھولنے کی اجازت دی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے اعلیٰ سطح وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،قیادت سوئٹزرلینڈ کے سفیر مینوئل بیسلر کر رہے تھے جبکہ سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانہ کے سفارتکار تھامس کولے، چیف کمشنر افغان رفیوجیز سلیم خان اور سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان عشروں سے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام سے دنیا کا امن اور استحکام وابستہ ہے۔ پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ اور باعزت واپسی کے لئے چار فریقی اور سہ فریقی بات چیت کی حال ہی میں میزبانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا کو اس سلسلے میں اپنی مدد فراہم کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت پوری دنیا اور پاکستان کے لئے بھی خطرہ ہے۔ پاکستان کی سرحدیں افغانستان کے ساتھ ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لئے اپنی سرحدوں پر باڑ لگا رہا ہے، انہوں نے وفد کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے ویزا کے عمل کو آسان اور شفاف بنایا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے سفیر نے کہا کہ دنیا پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتی ہے۔
پاکستان عشروں سے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے،شہریار آفریدی
Jul 02, 2019