لاہور (خصوصی نامہ نگار ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا‘ اس کے دارالحکومت اسلام آباد میں نیا مندر بنانا نہ صرف اسلام کی روح کے خلاف ہے بلکہ یہ ریاست مدینہ کی بھی توہین ہے۔ فتح مکہ کے موقع پر خاتم النبیین حضرت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ نے حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اﷲ عنہ کے ساتھ بیت اﷲ شریف میں موجود 360 بتوں کو توڑا تھا اور ساتھ ہی یہ بھی فرمایا تھا کہ ’’حق آیا اور باطل مٹ گیا‘ بے شک باطل مٹنے ہی والا تھا‘‘۔ ہم اقلیتوں کے حقوق کے ساتھ ہیں۔ پہلے سے موجود مندروں کی مرمت کی جائے۔ میں نے اپنے دور میں کٹاس راج مندر کی مرمت کرائی تھی۔ اپنے دور میں پہلی دفعہ پاکستان میں بجٹ میں چرچز کی مرمت کیلئے پیسے رکھے تھے۔