لاہور (کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بورڈ کا 110 واں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیر اعلیٰ خود روز گار سکیم پر پیش رفت، معاشی اثرات اور اہداف کے حصول کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ خود روز گار سکیم کادائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سکیم کے تحت ہنرمند افراد کو کاروبار شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضوں کی حد بڑھا ئی جائے گی۔ اخوت کے ساتھ مل کر وزیر اعلیٰ انصاف روزگار سکیم شروع کی جائے گی۔ بورڈ نے ڈیرہ غازی خان، ساہیوال ،جھنگ اور میانوالی میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔ بورڈ نے مختلف علاقوں میں پیسک کی بے کار پڑی اراضی فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔گوجرانوالہ اور وزیر آباد کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس بجلی کی فراہمی کے لیے گیپکو کے ساتھ معاہدہ کی منظوری بھی دے دی گئی۔ اجلاس کے دوران بورڈ نے پیسک کے بعض مالی اور انتظامی امور کی منظوری بھی دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیم کے تحت 29لاکھ افراد کو بلاسود قر ضے تقسیم کئے جا ئیں گے۔