حلیمہ سلطان مقبوضہ کشمیر میں نانا کی لاش پر بیٹھے نواسے کی تصویر دیکھ کر رنجیدہ

لاہور:  ترک گیمز آف تھرونز کہلائے جانے والے ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسراء بلجیک مقبوضہ کشمیر میں نانا کی لاش پر بیٹھے نواسے کی تصویر دیکھ کر رنجیدہ ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ایک چھوٹے بچے کی اپنے نانا کی لاش پر بیٹھی تصویر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور یہ ان انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو ایک طویل عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور آج ہونے والے ایک واقعے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز نے دنیا کو جنجھوڑ کر رکھ دیا۔

سوشل میڈیا پر اس وقت ٹاپ ٹرینڈ پر ایک تصویر موجود ہے جس میں ایک چھوٹا، تقریباً 3 سالہ بچہ خون میں لت مت اپنے نانا کی لاش کے اوپر بیٹھا ہوا ہے اور اس کے پاس سیکیورٹی اہلکار کھڑے ہیں۔

اس بارے میں برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بیان کیا گیا کہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ماڈل ٹاؤن علاقے سوپور میں پیش آیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترک اداکارہ اسراء بلجیک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی کا نشانے بنانے والے کشمیری شہید بشیر احمد کی تصویر شیئر کی۔

ٹویٹر پر اداکارہ اسراء بلجیک (حلیمہ سلطان) نے لکھا کہ اس تصویر کو دیکھنے کے بعد میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے غم اور بے بسی بیان کرنے کے لیے الفاظ کی تلاش میں ہوں۔

ترک اداکارہ نے ٹویٹ پر کشمیر، بھارتی بربریت، کشمیر لوز میٹر اور ارطغرل غازی والے الفاظ بھی ہیش ٹیگ کیے۔  

ای پیپر دی نیشن