امریکہ فضائی اڈے نہ دینے کا فیصلہ‘وزیراعظم پر فخر ہے:سارک چیمبر 

Jul 02, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے امریکہ کو فضائی اڈے دینے سے انکار اور چین کے خلاف امریکی قیادت میں اتحاد میں شمولیت سے انکار کرنے کے جرات مندانہ موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ جمعرات کو سابق وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ضیائ) محمد اعجاز الحق کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پر پوری تاجر برادری کو فخر ہے کہ انہوں نے اس اہم اور بڑے قومی معاملے پر پارلیمنٹ اور قوم کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص حالات میں یہ جراتمندانہ اقدام ہے کہ پاکستان کا کوئی ایئر بیس افغانستان میں کارروائی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ماضی کے فیصلوں نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے علاوہ قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی فیصلے سے پاک افغان حکومتوں کے مابین خیر سگالی کی بحالی اور آنے والے دنوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ 

مزیدخبریں