پاکستان کرکٹ بورڈ، مالی سال2021.22کیلئے8.997بلین روپے کا بجٹ منظور

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا ورچوئل اجلاس ہوا۔ بی او جی کی یہ رواں سال میں تیسری اور مجموعی طور پر 63ویں میٹنگ تھی۔بی او جی نے مالی سال 22-2021ء کے بجٹ منظوری دیدی ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے پی سی بی کا منظور شدہ کْل بجٹ 8.997 بلین روپے ہے۔یہ بجٹ ہوم اور انٹرنیشنل کرکٹ ، ڈومیسٹک کرکٹ، پی ایس ایل 6اور انتظامی امور پر خرچ کیا جائیگا۔آئندہ مالی سال کیلئے منظور شدہ بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 2 بلین روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کی بڑی وجہ پاکستان کی انٹرنیشنل سیریز کی تعداد میں 9 سے 16تک اضافہ ہونا،ڈومیسٹک ایونٹس کی تعداد میں 11 سے 19 فیصد تک اضافہ ہونا، مینز اور ویمنز کرکٹرز کے ماہواروظیفوں میں 10 سے 25 فیصد اضافہ ہونا ،ہوم سیریز کی پراڈکشن اور کرونا پروٹوکولز کے تحت ہوم کرکٹ سیریز کیلئے رقم مختص کرنا ہے۔بی او جی نے  پی ایس ایل 6 کو کامیاب انداز میں مکمل کرنے پر پی سی بی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔بی او جی نے اس موقع پرچھ فرنچائزمالکان اور تمام کھلاڑیوں کی تعریف کی ہے کہ جس طرح انہوں نے مشکل وقت بائیو سیکیور ببل میں گزار کر لیگ کو کامیاب بنایا۔بی او جی نے لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے پس پردہ اور سامنے رہتے ہوئے، دونوں طریقوں سے پیشہ ورانہ انداز اپنانے پرپی سی بی کی تعریف کی ہے۔ بی او جی کا مشاہدہ ہے کہ لیگ کے بقیہ میچز کے کامیاب انعقاد سے پی سی بی نے دنیابھر میں پاکستان کا مثبت تشخض اجاگر کیا ہے۔ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کاانعقاد پاکستان میں ہوگا۔اس سلسلے میں تمام چھ فرنچائزز کی مشاورت سے سیزن 22-2021 کیلئے موزوں ونڈو کا انتخاب کیا جائیگا۔ پی سی بی نے31-2024 کے سائیکل میں شامل آئی سی سی کے چھ ایونٹس کی میزبانی کیلئے ایکسپریشن آف انٹریسٹ جمع کروادیا ہے۔ان چھ ایونٹس میں سے پی سی بی تین وینیوز پر کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ء اور 2029 ء کی میزبانی کا خواہاں ہیں۔پی سی بی آٹھ وینیوز پر کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2026 ء اور 2028 ء اور 10 مختلف وینیوز پر کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ورلڈکپ 2027 ء اور 2031 ء کی میزبانی میں شراکت داری کا خواہشمند ہے۔آئی سی سی کی ایوولیشن کمیٹی اب پی سی بی کے ایکسرپیشن آف انٹریسٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنافیصلہ کریگی۔ان ایونٹ کی میزبانی دینے کے عمل کا آغاز ستمبر میں شروع ہوگا۔پی سی بی پرامید ہے کہ وہ کم از کم ایک ایونٹ کی میزبانی حاصل کرلے گا۔ سیزن 22-2021 ء میں بائیو سکیور پروٹوکولز اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ریسٹراڈا اور ای ایس آئی پی سی بی کی معاونت کریں گے۔ستمبر 2021ء سے مارچ 2022 ء تک پاکستان کو نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنی ہے۔پی ایس ایل 7 کیلئے بھی انہی دونوں کمپنیز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔بی او جی کو آگاہ کیا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل میں کْل 93000سے زائد کھلاڑیوں اور 3800 سے زائد کلبز نے شرکت کی۔ ان کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوتے ہی نچلی سطح پر کرکٹ کا آغازکردیا جائیگا۔چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز کے سربراہان کیساتھ سہ ماہی بنیادوں پر اجلاس کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے تاکہ ان کے چیلنجز کو سمجھ کر ان کی معاونت کی جائیگی۔بی او جی کو افرادی قوت سے متعلق جائزہ بھی پیش کیا گیا، جس کے تحت ادارے کو ایک پیشہ ورانہ اور متحرک بورڈ بنانا ہے۔ بی او جی کو گورننس ، رئیل سٹیٹ ، آئین اور قانونی امور کے بارے میں بھی مکمل اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...