لاہور‘بیجنگ (خاور عباس سندھو+شنہوا) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین سے ٹکرا کر پاش پاش کر دیں گے۔ کمیونسٹ پارٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بھی چین پر اپنا تسلط اور دھونس جمانے نہیں دیں گے۔ قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے کسی کو بھی چینی قوم کی صلاحیتوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے تاہم اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کر دیں گے۔ چینی صدر نے کہا کہ صرف سوشلزم میں ہی چین کی بقا اور ترقی ہے۔ ہم اپنی خود مختاری‘ سکیورٹی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کیلئے قابل اعتماد اور زبردست صلاحیتوں سے آراستہ ہیں۔ تاہم ملکی دفاع اور مسلح افواج کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی طاقتوں کو خبردار کیا کہ اب چین کو ڈرانے دھمکانے کا وقت ختم ہوگیا۔ چینی صدر نے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس کسی نے بھی پارٹی اور چینی عوام کو علیحدہ کرنے کی کوشش کی اسے بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کی 100 ویں سالگرہ کی تقریب میں چینی صدر کے ہمراہ پارٹی کی سینئر قیادت نے بھی شرکت کی۔ جبکہ چینی صدر نے اپنے خطاب میں پارٹی کی جانب سے چین کو تباہ کن جاگیردارانہ سسٹم سے نجات دلانے اور سوشل مارکیٹ بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ دریں اثناء بیجنگ کے تیانمین سکوائر میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک عظیم الشان اجتماع میں چین کی مرکزی کمیٹی کی جنرل سیکرٹری اور صدر شی جن پنگ نے اہم تقریر کی۔ عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین نے پہلا صد سالہ مقصد حاصل کرلیا ہے جو ہر لحاظ سے اعتدال پسند خوشحال معاشرے کی تعمیر ہے۔ سی پی سی نے گذشتہ 100 سالوں میں چینی عوام کو ایک حتمی نظریہ کے لئے متحد کیا اور ان کی رہنمائی کی ہے جس سے چینی قوم کی عظیم الشان بحالی ہوئی ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ پارٹی نے نئے جمہوری انقلاب میں زبردست کامیابی حاصل کرنے، اٹل عزم کے ساتھ خونی لڑائی لڑنے میں چینی عوام کو متحد کرکے رہنمائی کی ہے۔ نئے دور میں چین کی کامیابی پارٹی پر منحصر ہے۔ سی پی سی کی پرعزم قیادت برقرار رہنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہیرو ہیں، کیوں کہ وہی تاریخ تخلیق کرتے ہیں۔ چین مفید مشوروں کا خیرمقدم کرتا ہے، لیکن ڈکٹیشن کو قبول نہیں کرے گا۔ چین مشترکہ مستقبل کے ساتھ انسانی برادری کو فروغ دیتا رہے گا۔ چین عالمی امن اور ترقی کے لئے پرعزم ہے۔ علاوہ ازیں بیجنگ سے شنہوا کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنر ل سیکرٹری شی جِن پھِنگ نے کہا ہے کہ تائیوان کا معاملہ حل کرنا اور چین کا دوبارہ مکمل اتحاد سی پی سی کا تاریخی مشن اور غیرمتزلزل عزم ہے۔ شی نے کہاکہ ہمیں" تائیوان کی آزادی" کی کسی طاقت کو بھرپور شکست دینے کیلئے مستحکم قدم اٹھانا چاہئے۔ شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چینی قوم اپنے خون میں کوئی جارحانہ یا تسلط پسندانہ خصوصیات نہیں رکھتی۔ انھوں نے کہا کہ یہ جماعت انسانیت کے مستقبل کی پرواہ کرتی ہے اور دنیا بھر کی تمام ترقی پسند قوتوں کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر آگے بڑھنے کی خواہش رکھتی ہے۔ گزشہ صدی میں پی سی 4 عظیم کامیابیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ پارٹی نے نئے دور میں چینی خصوصیات کی حامل سوشلزم کی خاطر عظیم کامیابی حاصل کرنے کیلئے ایک عظیم جدوجہد، ایک عظیم منصوبہ، ایک عظیم مقصد اور ایک عظیم خواب کا خود اعتمادی، خودانحصاری اور جدت کے جذبہ کے ساتھ پیچھا کرنے کیلئے چینی عوام کو متحد کیا اور رہنمائی کی۔ قبل ازیں سی پی سی کی صد سالہ سالگرہ کی تقریب کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوا۔ اس موقع پر فوجی طیاروں نے تیان آن مین چوک کے اوپر ایک ترتیب میں پرواز کی۔ ہیلی کاپٹرز نے پارٹی کے 100 سالوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ’’100،، کی فارمیشن میں پرواز کی۔ موسیقاروں کی جانب سے فن کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ہانگ کانگ سے شِنہوا کے مطابق ہانگ کانگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کے قیام کی صد سالہ سالگرہ اور ہانگ کانگ کی مادر وطن کو واپسی کی 24 ویں سالگرہ منانے کیلئے جمعرات کے روز مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ہانگ کانگ حکومت کی جانب سے گولڈن بوہنیا چوک میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں چین کا قومی پرچم اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کا پرچم لہرایا اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ ہیلی کاپٹروں نے وکٹوریہ ہاربر کے اوپر پرواز کی اور ایک فائر بوٹ نے واٹر سیلوٹ پیش کیا۔ ایک مشعل بردار ریلی ریس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو جان لی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ کی مادر وطن میں معمول کے مطابق واپسی گزشتہ 100 سالوں میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی عظیم کامیابیوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
دھونس جمانے والوں کا سردیوار چین سے ٹکرا کر پاش پاش کر دینگے:صدر شی
Jul 02, 2021