قدرتی وسائل سے استفادہ کیلئے صوبائی  محکمہ معدنیات کی کار کردگی قابل تعریف: پرویز الہی

Jul 02, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے ملاقات کی اور اپنے محکمے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کوئلے کی 25 نئی سائٹس دریافت کی گئی ہیں جبکہ مزید نئی سائٹس کی جلد نیلامی کی جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کیلئے محکمہ معدنیات کی کارکردگی قابل تعریف ہے، زمین میں چھپے خزانوں کو قومی ترقی کیلئے بہتر حکمت عملی سے استعمال میں لانا ضروری ہے۔ محکمہ معدنیات کے صوبے اور عوام کیلئے اقدامات بہترین ہیں۔ سیمنٹ کے نئے کارخانوں سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ہدایت کی کہ محکمہ معدنیات میں کام کرنے والے مزدوروں کی جان اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے بتایا کہ پہلی بار محکمہ معدنیات نے خزانے میں آمدنی سے دس ارب روپے جمع کروائے۔ سیمنٹ کے کارخانوں پر پابندی کا خاتمہ کیا، 21 نئے لائسنس برائے لائم سٹون پرائیویٹ کمپنیوں کو دئیے گئے جبکہ کوئلے کی نئی لیز پر بھی پابندی ختم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائنز ورکرز کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف میں 300 فیصد اضافہ کیا جبکہ مائنز ورکرز کیلئے چکوال میں موبائل ہیلتھ یونٹ بھی قائم کیا۔

مزیدخبریں