اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ الوداعی ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ایمبیسڈر علی علی زادہ کی خدمات کی تعریف کی۔شاہ محمود قریشی نے نوگورنوکاراباخ کے مسئلے پر پاکستان کی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو اور بحالی کیلئے پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، آذربائیجان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین تجارت، کامرس، اور توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ خوش آئند ہے۔وزیر خارجہ نے ایمبیسڈر علی علی زادہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایمبیسڈر علی علی زادہ نے، نیک خواہشات کے اظہار پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ کی شاہ محمود قریشی کیساتھ الوداعی ملاقات
Jul 02, 2021