اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار))صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں آنے والے عالمی فکری انقلاب میں مضبوط گرفت بنا کر ایک طاقت کے طور پر ابھر سکتا ہے، سائبر دنیا کی صریحی تبدیلی سے فوجی اور عوامی شعبوں سے متعلق حکمت عملیوں میں ردوبدل دیکھا گیا ہے جو ملک کی سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے اور صورتحال سے بروقت استفادہ کرنے کے سلسلہ میں تیاریوں کا تقاضا کرتی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان کو چوتھے صنعتی انقلاب سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے جو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہو گی۔ وہ جمعرات کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کی کانووکیشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کورس میں پاکستان اور دیگر دوست ممالک بشمول بحرین، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، عراق، اردن، سعودی عرب، نیپال، نائیجریا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے فوجی افسران شریک تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کیلئے کامیابی کا مختصر ترین راستہ عصری فکری تبدیلی میں ہے، میں پاکستان کے حوالہ سے بہت زیادہ پرامید ہوں جو جدید علوم کے ساتھ ساتھ ہمدردی کے جذبے اور اخلاقیات پر مبنی فیصلوں کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام مشکل حالات کو اپنے حق میں بدلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1974ئ میں بھارت کے جوہری دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مختصر مدت میں اپنے مضبوط عزم اور ارادے کی وجہ سے ڈیٹرنس کو برقرار رکھنے کیلئے جوہری ممالک کی فہرست میں اپنا نام درج کرایا، یہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستانی قوم اپنے مقاصد کے حصول کیلئے معجزے دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان عصری علوم کی مدد سے عالمی اقوام میں ابھر کر سامنے آئے گا ۔ قبل ازیں صدر مملکت نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل فوجی افسران کو اسناد عطاء کیں۔
پاکستان عصری علوم کی مدد سے اقوام عالم میں ابھر کر سامنے آئیگا،عارف علوی
Jul 02, 2021