اسلام آباد: سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور رکنِ قومی اسمبلی رمیش کمار بھی موجود تھے۔وزیرِ اعظم عمران خان اور ارباب غلام رحیم کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیرِ اعظم کو کامیاب معاشی پالیسیوں پر مبارکباد پیش کی۔
سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے ارباب غلام رحیم کو پارٹی کی مقامی قیادت کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ سابق وزیرِ اعلیٰ کے بیٹے ارباب ابراہیم نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔اس موقعے پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ ارباب غلام رحیم کی شمولیت سے سندھ میں تحریکِ انصاف کو تقویت ملے گی۔ پارٹی کے سیاسی معاملات دیکھنے کیلئے فعال کردار پر اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ ارباب غلام رحیم سندھ کے سرکردہ سیاسی رہنماؤں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں جو 4 بار رکنِ قومی اسمبلی اور متعدد مرتبہ ضلع تھرپارکر سے رکنِ سندھ اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔
پی ایس 60 سے 2002 کے عام انتخابات کے دوران ارباب غلام رحیم رکنِ سندھ اسمبلی منتخب ہوئے جنہیں صوبائی وزیر بنایا گیا اور آگے چل کر 2004 سے لے کر 2007 تک وزیرِ اعلیٰ سندھ کے عہدے پر فائز رہے۔