اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے 4 ہزار 732 ارب روپے ٹیکس محصولات جمع کرنے پر ایف بی آر کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال 21-2020 میں 4 ہزار 732 ارب روپے ٹیکس محصولات کی مد میں جمع کیے جو ایک اہم کامیابی ہے۔
پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی کامیابی پر میں ایف بی آر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جبکہ ٹیکس محصولات گزشتہ برس کے 4 ہزار 691 ارب روپے سے 18 فیصد زائد رہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ایف بی آر کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارکردگی تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے ذریعے مستحکم معاشی بحالی کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
قبل ازیں سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور رکنِ قومی اسمبلی رمیش کمار بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو اصل خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ابھی سے تیاری کرنا ہوگی۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں گزشتہ روز کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس قوم کو صحیح معنوں میں غذا نہ ملے، وہ ترقی نہیں کر سکتی۔آنے والے مشکل وقت سے بچنے کیلئے آج سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ کانفرنس کا مقصد کسانوں کو صحیح سمت دینا ہے۔