پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کی حفاظت کیلئے اپنی ذمہ داری کو پورا کرے۔مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک اور بے گناہ 17 سالہ نہتے کشمیری کے ماورائے عدالت قتل پر پاکستان نے رد عمل اور شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق نوعمر کرکٹر کو بھارتی قابض فورسز نے گولی مار کر ہلاک کرنے سے پہلے بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا، کشمیریوں کو دبانے کے لئے ماورائے عدالت قتل، حراست کے دوران تشدد ،جبری گمشدگیاں اور اسیری مقبوضہ جموں کشمیر میں ایک معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کا کہ رواں سال کے دوران بھارتی قابض فورسز نے 57 بے گناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا ہے، 350 کشمیریوں کو من چاہے قوانین کے تحت حراست میں لیا گیا، 58 مکانات کو تباہ کیا گیا، لیکن بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ وہ کسی بھی طرح کی بربریت سے کشمیریوں کو محکوم نہیں رکھ سکتا ہے، اور وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کے عزم کو جبر کے ذریعہ کمزور نہیں بنا سکتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف دفاع کی صلاحیت سے محروم کشمیریوں کی حفاظت کے لیے اپنی ذمہ داری کو پورا کرے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کے لئے بھارت کو جوابدہ بنائے۔
#/S