لاہور+ اسلام آباد+ کراچی (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ وقائع نگار + آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث پنجاب میں نجی ہسپتالوں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی پلان بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ مراد عی شاہ نے سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کر لیا۔ ادھر متحدہ نے پھیلتے ہوئے کرونا کیسز کے باعث الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام نجی ہسپتالوں، جہاں پر کووڈ19 کے مریضوں کا علاج کیا جارہا تھا، کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ایسے ہنگامی پلان تیار کیے جائیں، جن کے مطابق 48گھنٹے کے نوٹس پر مریضوں کے علاج کے لیے تیاریاں مکمل کی جاسکیں۔ قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17ہزار 340 کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 694 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح3.93فیصد رہی اور وائرس سے متاثرہ کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔ 101مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کرونا وائرس سے بچائو کیلئے اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں، عیدالاضحی کے دوران ماسک کا استعمال کریں، زیادہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں اور کرونا وائرس سے بچائو کیلئے اور ویکسینیشن اور بوسٹر ڈوز لگوائیں۔ علماء کرام سے اپیل ہے مساجد میں سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنائیں، عید کے دوران گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں۔ کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد سے بڑھ گئی، جس پر وزیراعلی سندھ نے کرونا ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کرونا کے مزید کیسز بڑھے تو شاید حکومت کو پھر سخت اقدامات لینے پڑجائیں گے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا عذرا پیچوہو، ناصر شاہ، شرجیل میمن سمیت دیگر نے شرکت کی۔ سیکرٹری صحت سندھ نے کرونا صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کرونا کیسز 24 جون سے بڑھنا شروع ہوئے ہیں جبکہ کرونا کے ہفتہ وار 19 فیصد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ترجمان وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ اس وقت کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 63 ہے جن میں 4 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ جون کے آخری ہفتے کے دوران کرونا کیسز میں اضافے کا رحجان دیکھا گیا ہے اور عیدالاضحیٰ بلدیاتی انتخابات اور محرم جیسے بڑے ایونٹس کی آمد سے قبل اسے کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ بصورت دیگر حکومت کے پاس کچھ سخت فیصلے لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ متحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دونوں میں کرونا کیسز میں اضافے کے باعث سندھ میں دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں ایم کیو ایم نے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے التواء کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کے پھیلاؤ کے باعث الیکشن ملتوی کئے جائیں۔ خط ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل کی جانب سے لکھا گیا ہے۔ کرونا وائرس کی چھٹی لہر کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ میں کرونا وباء سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز نافذ کر دیئے گئے۔ جاری سرکلر کے مطابق ہائیکورٹ کی مسجد میں ایس او پیز کے تحت فاصلے سے نماز کی ادائیگی کی جائے، غیر متعلقہ افراد کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی مسجد میں داخل ہونے پر پابندی ہوگی۔