فیصل آباد اکنامک زون میں فرح گوگی کو 60 کروڑ کا پلاٹ کوڑیوں کے بھاؤ الاٹ


فیصل آباد (نمائندہ خصوصی/ ندیم جاوید) تحریک انصاف کی حکومت کے دوران فیڈمک کے زیر انتظام بننے والے فیصل آباد اکنامک زون میں فرح گوگی کو جعلی کمپنی کے ساتھ غیرقانونی طریقے سے 60کروڑ روپے مالیت کا 10ایکڑ کا پلاٹ کوڑیوں کے بھاؤ الاٹ کردیا گیا۔ معاملے کا علم ہونے پر انٹی کرپشن نے فیڈمک حکام اور فرح گوگی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جبکہ تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنائی جارہی ہے۔ فرح گوگی اور ان کی والدہ کی ایک بوگس کمپنی ’’المعز ڈیری‘‘ کو  دس ایکڑ کا ایک پلاٹ الاٹ کیا گیا۔ پلاٹ کی مالیت ساٹھ کروڑ روپے تھی مگر فیڈمک کے سابق چیئرمین اور دیگر حکام کی ملی بھگت اور حکومتی شخصیات کی سفارش پر فرح گوگی کو ساٹھ کروڑ روپے مالیت کا پلاٹ آٹھ کروڑ 30لاکھ روپے میں دیدیا گیا۔ حکام کے مطابق فیصل آباد اکنامک زون میں پلاٹ کی الاٹمنٹ کیلئے کمپنی کی مالیت 2ارب روپے سے زائد ہونا ضروری ہے مگر فرح گوگی کی کمپنی کی ویلیو مطلوبہ نہیں ہے۔ فرح گوگی کے شوہر نے کمپنی کی 2ارب روپے کی گارنٹی دی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں کمپنی ہی بوگس ثابت ہوئی۔ فیڈمک کے سابق چیف ایگزیکٹو رانا یوسف اور سپیشل سیکرٹری اکنامک زون مقصود احمد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ معاملے میں فیڈمک کے سابق چیئرمین کاشف اشفاق اور موجودہ چیئرمین ظفر اقبال کا نام بھی ملوث پایا جارہا ہے تاہم ان کے حوالے سے انٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر ہی ان کے کردار کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے گا۔ تحقیقات کیلئے تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنائی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن