لکی مروت(نامہ نگار)لکی مروت کے نواحی علاقے عیسک خیل نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد میں ہونے والی فائرنگ سے2 افراد جاں بحق اور11زخمی ہوگئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسجد میں خون کی ہولی اس وقت کھیلی گئی جب جمعہ کی نماز پڑھنے کے بعد دعا کی جارہی تھی، نمازیوں کو ہولناک منظر کا سامنا کرنا پڑا لاشیں اورزخمی خون میں لت پت پڑے رہے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میں عنایت الرحمن( 28سال) اور حامدنواز( 25سال) جاں بحق ہوگئے جبکہ زخمیوں میں فیض اللہ( 70سال)،نصراللہ ( 50سال)، قدرت اللہ ( 24سال)، آصف خان( 34سال)، محمددانیال ( 7سال)،عبدالغفار ( 55سال)، فیضان ( 12سال)، عطاء الرحمن (21سال)، حق نواز( 56سال)، رفیق (34سال) اور وحید ( 33سال ) شامل ہیں، مرنے والے اور جاں بحق افراد کا تعلق عیسک خیل گائوں سے ہے ، لاشیں اور زخمی فوری طور پر گورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کردیئے گئے جہاں سے اطلاعات کے مطابق چار زخمیوں کو تشویشناک حالت میں بنوں ریفر کردیا گیا پولیس کا کہنا ہے بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیر رکھا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ تحصیل کونسل لکی مروت کے چیئرمین شفقت اللہ خان خوئیداد خیل عیسک خیل میں مسجد میں رونما ہونے والے فائرنگ کے اندوہناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کی جائیں، انہوں نے گورنمنٹ سٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں زخمیوں کی عیادت کی ، انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کا رونما ہونا افسوسناک ہے ۔