اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارت کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے سخت احتجاج کیا گیا۔ احتجاج بھارت کی طرف سے ٹوئٹر پر 80 اکاؤنٹس بلاک کرنے پر کیا گیا۔ بھارت نے ایران‘ ترکی‘ مصر‘ اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتی مشن کے اکاؤنٹس بلاک کئے اور نیو یارک میں پاکستانی سفارتی مشن کے اکاؤنٹس بھی بلاک کئے۔ بھارت نے جیو بلاکنگ کے ذریعے ریڈیو پاکستان کی نشریات بھی بلاک کیں۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی معیار کے خلاف ہیں یہ اصولوں‘ معلومات کے بہاؤ کے فریم ورک کے خلاف ہیں۔ بھارت سے سفارتی مشن کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے کے اقدام کو فوری واپس لینے کا کہا گیا۔
ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے پر پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج‘ ناظم الامور کی طلبی
Jul 02, 2022