ٹینس کی دنیا میں ابھرتے ہوئے ہسپانوی اسٹار کارلوس الکاراز

منیر احمد بھٹی
Email:muneerahmadnw@gmail.com
ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2022 جیت کر نہ صرف ٹینس کی دنیا میں ہلچل مچا دی بلکہ ورلڈ رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگا کر 120ویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ۔ میڈرڈ اوپن میں کامیابی سے قبل 2061پوئنٹس کے ساتھ بیسویں نمبر پر تھے تاہم ایونٹ میں شاندار کامیابی کے ساتھ 4648پوائنٹس کے ساتھ نامور پلئیر رافیل نڈال ، ٹاپ رینکنگ نوواک جوکووچ، سیڈ نمبر 3 جرمن اسٹار الیگزینڈر زویروف کو پچھاڑتے ہوئے 20نمبر سے حیران کن طور پر چھٹے  نمبر پر آگئے۔
اگرچہ پیرس میں ہونے والی فرنچ اوپن ٹینس 2022میں کارلوس الکاراز کوارٹر فائنل میں سیڈ نمبر 3 جرمن اسٹار الیگزینڈر زویروف سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئے ۔اس طرح  زویروف نے چند ماہ قبل میڈرڈ اوپن 2022میں شکست کا بدلہ چکا لیا۔
بہر حال میڈرڈ اوپن میں کارلوس الکراز گارفیا کی کامیابی کا کوئی مقابلہ نہیں ۔انہوں نے شاندار کارکردگی کی بدولت اے ٹی پی ایونٹ کے مینز سنگلز دفاعی چیمپئین جرمنی کے الیگزینڈر زویروف کو شکست دے کر نہ صرف ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ  حریف  کے  دفاع کا خواب بھی چکناچور کر دیا۔کارلوس الکراز گارفیا نے الیگزینڈر زویروف کو 6-3اور6-1سے زیر کر کے عمر میںکم ترین ہونے کے اعزاز کیساتھ ٹائٹل جیتا ۔اس سے قبل کارلوس الکارازگارفیا نے پہلے کوارٹر فائنل میں رافیل نڈال کو ہرایا اور اس کے  بعد سیمی فائنل میں سربین ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔میڈرڈ اوپن میں فتح کے بعد کارلوس الکارازکی اے ٹی پی ٹائٹل کی تعداد پانچ ہوگئی اور وہ سنگلز  مینزمقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن  پر پہنچ  گئے ہیں۔ کارلوس الکارازنے اپنی فتح کے بعد کہا کہ وہ اس کامیابی پر بہت خوش ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھیں گے۔
اسپین کے ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز لا کاجا میجیکا میں کھیلے گئے فائنل میں میڈرڈ اوپن ٹرافی اپنے نام کرنے کیساتھ کم عمر فاتح  بنے جس کے لئے انتھک محنت اور کھیل سے لگائوتھا،انہوں نے 18 سال کی عمر میں اپنا پہلا میڈرڈ اوپن کھیلا۔صرف ایک سال  میں ہی محسوس کر لیا کہ وہ ہمت اور محنت سے ان ٹاپ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں اور پھر19 سالہ اسٹار نے ایسا ہی کچھ کر دکھایا ۔ میڈرڈ اوپن جیتنے کے ساتھ ایک اور شاندار ہفتے کا آغاز کیا اور دو ماسٹرز 1000 ٹائٹل جیتنے والے دوسرے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔
 الکاراز نے2022؁ کے شروع میں میامی میں اپنا پہلا ماسٹرز 1000 ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ انہوں نے ریو ڈی جنیرو اور بارسلونا میں بھی گیم پر اپنی گرفت مضبوط رکھی ۔  اس نے ریو ڈی جنیرو اور بارسلونا میں بھی کامیابی حاصل کی۔ ان کے کیریئر کا پہلا ٹائٹل گزشتہ سال اماگ میں آیا تھا۔اس سیزن میں الکاراز کی تین شکستیں مونٹی کارلو میں سیباسٹین کورڈا، انڈین ویلز میں نڈال اور آسٹریلین اوپن میں میٹیو بیریٹینی کے خلاف ہوئیں۔
1990 میں اے ٹی پی ٹور کے آغاز کرنے والے 19 سالہ نوجوان نے ایک ہی ایونٹ میں تین ٹاپ فائیو کھلاڑیوں کو شکست دینے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز نام کیا ۔میڈرڈ اوپن ٹینس میںہوم فیورٹ نے اپنے ہی ملک یعنی ہوم گرائونڈ کا خوب فائدہ اٹھایا۔ ہوم شائقین کی طرف سے زبردست حوصلہ افزائی ہوئی اور خوب داد سمیٹی ۔ ہسپانوی کھلاڑی نے منولو سانتانا اسٹیڈیم میں اپنے مختلف شاٹس اور انتھک ہٹنگ سے کرائوڈز کو اپنی جگہ سے کھڑا ہونے پر مجبور کر دیا کیونکہ اس نے مسلسل ساتویں ٹاپ 10 جیت اور سال کا ٹور میں چوتھا ٹائٹل نام کیا۔
٭٭٭٭٭

ای پیپر دی نیشن