لاہور‘ ملتان (خصوصی نامہ نگار+ سماجی رپورٹر) لاہور سمیت ملک بھر میں گزشتہ روز مذہبی جماعتوں نے ’’یوم مذمت سود‘‘ منایا۔ علماء کرام نے کہا کہ قوم سودی نظام کا بائیکاٹ کرے۔ مذہبی جماعتوں کی طرف سے شہر شہر احتجاج کیا گیا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم کی دعوت پر ملک بھر میں ’’یوم مذمت سود‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر خطباء نے وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خلاف فیصلے کو سراہا اور سٹیٹ بنک پاکستان اور چند نجی بینکوں کی طرف سے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس سلسلہ میں مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں ’’حرمت سود کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ’’حرمت سود کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ حکمران وبال مہنگائی اور عذاب الٰہی بن کر قوم پر مسلط ہیں۔ پاکستان کے تمام معاشی مسائل کا حل سودی نظام سے نجات میں ہے۔ قوم سودی نظام کا بائیکاٹ کرے۔ متحدہ علماء کونسل اور تحریک انسداد سود کی اپیل پر مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے بھی گزشتہ روز ملک بھر میں یوم انسداد سود بھرپور انداز میں منایا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں، علماء کرام ، خطباء عظام، مبلغین اور آئمہ مساجد نے اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں کہا ہے کہ سود کے لین دین کو جاری رکھنا اللہ تعالیٰ سے کھلی جنگ کا اعلان ہے۔ اگر ہم سودی و یہودی معیشت میں جکڑے رہے تو ہم اپنی معیشت کو لے کر کبھی آگے نہیں بڑھ سکتے۔ بھارتی ترجمان کے توہین آمیز گستاخانہ بیان کیخلاف جمعہ یکم جولائی کو ملک بھر میںمنائے گئے یوم حرمت رسولؐ پر ورلڈ پاسبان ختم نبوت نے بھارت کیخلاف آزاد کشمیر وگلگت بلتستان سمیت کراچی تا خیبر شہر، شہر احتجاج ومظاہرے کئے گئے اور مودی کے پتلے بھی نذرِ آتش کئے گئے۔ دیگر شہروںکی طرح لاہور ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک میں علماء وکلاء ورلڈ پاسبان ختم نبوت نے ایک بھرپور حرمت رسولؐ مظاہرہ کیا اور بھارت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قائد ورلڈ پاسبان علامہ محمد ممتاز اعوان، حافظ شعیب الرحمن قاسمی، شیخ محمد نعیم بادشاہ و دیگر نے کہاکہ بھارت میں توہین رسالت عالمی دہشتگردی ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں سے بھی کہا بھارتی گستاخانہ عمل کیخلاف سخت سے سخت نوٹس اور بھارت کے خلاف کارروائی کرے۔
گستاخانہ بیان/ سود
مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں ’’یوم مذمت سود‘‘ منایا
Jul 02, 2022