لاہور(سپورٹس رپورٹر)صوبہ خیبرپی کے کے علاقے شندور میں تین روزہ پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریب کیساتھ آغاز ہوگیا۔12,500 فٹ دنیا کے بلند ترین پولو میدان میں ہونے والا یہ فیسٹیول اپنی نوعیت کا منفرد فیسٹیول ہے۔افتتاحی تقریب میں پولو کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ مختلف سکولوں کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا۔مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کالاش، چترال، خٹک ڈانس اور مقامی نغمے پیش کیے۔افتتاحی تقریب میں پیرا گلائیڈرز اور پیرا ٹروپرز نے شائقین سے خصوصی داد وصول کی۔شندور پولو فیسٹیول کے پہلے دن مختلف ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے گئے۔فیسٹیول کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں ملک بھر سے سیاحوں نے علاقے کا رخ کیا ہے۔ اعلیٰ سول اور ملٹری عہدیداران سمیت، مقامی انتظامیہ کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں علاقے کی عوام نے شرکت کی۔تین روزہ فیسٹیول میں پولو کے میچز کیساتھ ساتھ شرکاء کیلئے رات کے وقت خصوصی طور پر آتش بازی اور کیمپ فائر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ علاقائی فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
3 روزہ شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریبات کیساتھ آغاز
Jul 02, 2022