اسلام آباد+ ہارون آباد+ کوہلو + کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) لاہور سمیت گوجرانوالہ، گجرات، ہارون آباد اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے۔ ٹھنڈی ہائوں نے موسم خوشگوار بنا دیا جبکہ بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ اسلام آباد‘ راولپنڈی میں بھی ابر رحمت برسا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پی کے‘ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوںمیں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں بھی پری مون بارشوں کا نیا سپل شروع ہو گیا۔ بارش سے موسم خوشگوار ہونے پر سیاح انجوائے کرنے لگے۔ ایوبیہ‘ نتھیا گلی‘ چھانگلہ گلی اور باڑیاں میں دھند کے باعث حد نگاہ محدود ہو گئی۔ گہری دھند کے باعث گاڑیاں ڈرائیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے بارش میں انتظامی اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج شہر میں گرد آلود ہوا‘ آندھی اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ 8 جولائی سے بارشوں کے سبب کراچی اور حیدرآباد میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ بلوچستان کے علاقے تمبو میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بلوچستان کے ضلع کوہلو کی سب تحصیل تمبو کے مختلف مقامات پر پیش آئے جس میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ لیویز حکام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاقے میں ہونے والی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ مختلف مقامات پر بجلی کے پول گرنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔
بارش