بجلی بحران شارٹ فال 7ہزار میگاواٹ سے تجاوز 14گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ

Jul 02, 2022

اسلام آباد+ سیالکوٹ+ بورے والا + داؤدخیل + گڑھ مہاراجہ (نا مہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نمائندگان نوائے وقت) ملک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کاشارٹ فال 7232میگاواٹ ہوگیا ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں 14گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ سیالکوٹ، بورے والا،داؤدخیل، گڑھ مہاراج سمیت کئی شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشان ہو کر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 21ہزار 406میگاواٹ ہے جبکہ ملک میں بجلی کی کل طلب 28ہزار 638میگاواٹ ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 14گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ دریں اثناء سیالکوٹ میں بجلی کے بحران میں شدت آگئی۔ گرمی کے موسم میں کمی آنے اور توانائی بچاو بحران کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ سیالکوٹ کے شہری و دیہی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری سخت اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔بورے والا  میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کے باعث مختلف کا روباری سر گرمیاں تباہ ہو نے لگیں ۔ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش اور ٹرپنگ کے سبب قیمتی الیکٹرک اشیاء بھی خراب ہو رہی ہیں۔ ادھر میانوالی کے علاقے داؤد خیل میں 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ دن رات کے اوقات میں کئی کئی گھنٹے مسلسل بجلی غائب رہتی ہے۔ علاوہ ازیںگڑھ مہاراجہ احمدپورسیال گڑھ موڑ و گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک جا پہنچاشدید گرمی میں عوام کا جینا دوبھر ہوگیاکاروبار زندگی متاثر کسان بھی پریشان ہو گئے۔

مزیدخبریں